"پانسو" روپے!
اس کے دیدے گویا باہر آنے کو تھے۔۔۔ "جناب وہ آپ کو بے وقوف بنا رہا ہے۔ اور آپ بن بھی رہے ہیں۔ (آغازِ تقریر) اس کو کرنا کیا ہوتا ہے؟ بائیک چپکا کر لگانی ہوتی ہے بس۔"
عاجز: "اچھا! تو آپ کتنے دیتے ہیں؟"
"میرا روزانہ کا حساب ہے۔ 10 روپے۔"
عاجز: "یار غریب آدمی ہے۔ گاؤں سے آیا ہے۔ کماتا کیا ہوگا؟ آدھے تو بھتّے میں نکل جاتے ہوں گے۔"
طنزیہ مسکان کے ساتھ۔۔۔ "آپ کی سوچ ہے۔ (آغاز ریاضی) نیچے پارکنگ میں بائیکس ہوتی کتنی ہیں؟ یہ آپ کو بھی معلوم ہوگا۔۔۔ کم از کم ساٹھ ستّر تو کہیں نہیں گئیں۔ اکثر لوگ روزانہ کے حساب سے 10 روپے دیتے ہیں۔ اور کچھ لوگ مہینہ 300 دیتے ہیں۔ اور جو وزٹ پر آتے ہیں ان کا تو کوئی شمار ہی نہیں۔ روز کے سات آٹھ سو تو کہیں نہیں گئے۔ اور آپ تو مہینے میں آتے بھی مشکل سے 24 دن ہیں۔ اس حساب سے جائز پیسے 240 بنتے ہیں"۔ (اختتامِ ریاضی) "لوٹ رہا ہے آپ کو وہ۔۔۔" (اختتامِ تقریر)۔
عاجز: "ایک بات تو بتائیں۔ آپ کو اس کمپنی سے گزشتہ سال کیا تنخواہ ملتی تھی؟ خیر! جو بھی ملتی تھی وہی اس سال بھی ملتی ہے؟"
لہجے میں تذبذب کی علامات۔۔۔ "اس بار Increment ڈھنگ کا ہوا ہے تو آمدنی کچھ بہتر ہوگئی ہے۔"
عاجز: "اور آپ گزشتہ سال بھی بائیک والے کو 10 کے حساب سے ہی دیتے تھے؟"
معمہ سمجھنے کے بعد بغلیں جھانکنے کی ناکامیاب کوشش۔۔۔ "یار ایک تو وہ قبضے کی جگہ پر پارکنگ لگا کر بیٹھا ہے۔ اوپر سے۔۔۔"
عاجز بات کاٹتے ہوئے۔۔۔ "وہ سب دفع کرو۔ پچھلے سال بھی 10 کا ہی حساب تھا ناں؟ کیوں! دال گوشت کے دام آپ کے اور میرے لیے بڑھتے ہیں؟ اُس کے لیے نہیں بڑھتے؟ پیٹرول اس کے لیے مہنگا نہیں ہوتا؟"
بے تکی بات۔۔۔ "وہ قریب میں ہی رہتا ہے۔ پیٹرول کا خرچہ نہیں ہوتا ہوگا۔"
عاجز: "چلو مان لیا۔ اندازہ بھی ہے اسی قریبی آبادی میں کتنے جرائم پیشہ افراد، نشئی، ڈکیت وغیرہ رہتے ہیں؟ ان میں سے کتنے محض اس وجہ سے کیونکہ انہیں کبھی Increment نہیں ملا۔ اور انہیں اس نہج پر پہنچانے والے آپ جیسی سوچ رکھنے والے ہیں۔ یہ نہ آسمان سے برسے ہیں نہ کھیتوں میں اُگے ہیں۔ عمر (بائیک پارکنگ والا) بھی آج کہیں موبائل لوٹ رہا ہوتا یا جیل میں ہوتا۔ کیا کافی نہیں کہ وہ صبح سے شام تک محنت کر رہا ہے۔ اگر وہ نہ ہو تو جیسے نوابوں کی طرح ہم بائیک پارک کرتے ہیں، اس پارکنگ میں آدھی گنجائش بھی نہ نکلے۔ خیر! یہ تو ضمنی فوائد ہیں۔ لیکن میاں! جو ہم کر رہے ہیں اگر اسی کو بے وقوفی کہتے ہیں تو اللہ کرے ایسی بے وقوفیاں آخری سانس تک جاری رہیں۔ اور ایسے ہی بے وقوفوں کے ساتھ ہمارا حشر ہو۔"
(اختتامِ بحث)
قارئین! وہ چاہے نہ سمجھا ہو۔ لیکن آپ سے اچھی امید ہے۔
اندازِ بیاں گرچہ بہت شوخ نہیں ہے۔
شاید کے تیرے دل میں اُتر جائے میری بات۔