Poetry ·

منظوم دینی اسباق – وضو

ہے صفائی نصف ایماں مومنو!
یہ ہے فرمانِ شہہ عالمﷺ سنو۔

دین میں لازم طہارت ہے جناب۔
حشر میں اس کا بھی ہونا ہے حساب۔

سیکھنے کی اس کو کر لو ابتداء۔
ربّ نے یہ آساں بہت ہم پر کیا۔

سب سے پہلے جان لو کہ بالیقیں۔
ہے ارادہ دل کا شرطِ اولیں۔

سیکھ لو یہ سات ارکاں دھیان سے۔
اور لگا کر ان کو رکھو جان سے۔

بیٹھ جاؤ لے کے تم اللہ کا نام۔
جس سے کرتے ہیں شروع ہر نیک کام۔

تھوڑا پانی دونوں ہاتھوں پر بہاؤ۔
اور ہتھیلی سے کلائیوں تک آؤ۔

بعد اس کے پانی چلو میں بھرو۔
لے کے منہ میں غرغرہ، کلّی کرو۔

فرض چہرے کا ہے دھونا ٹھیک سے۔
اس میں برکت ربّ کی ہے توفیق سے۔

ناک، لب، ماتھا، بھنویں، کان اورگال۔
ہو اگر داڑھی تو اس کا بھی خلال۔

تھوڑا پانی ناک تک اب لے کر آؤ۔
کھینچ کر بس نرم ہڈی تک چڑھاؤ۔

حکم قرآنی یہاں اب عرض ہے۔
"کہنیوں تک ہاتھ دھونا فرض ہے۔" (المائدہ۔ 6)

انگلیوں کے پور ہاتھوں میں بھگو۔
سر پہ بالوں کی جڑوں تک پھیر لو۔

دونوں پا ٹخنوں تلک دھونا ضرور۔
ہے اسی آیت کے آخر میں ظہور۔

ہر عمل دھرائیے گا تین بار۔
ہاں۔ 'مسح' ہوتا نہیں ان میں شمار!

جان لو پانی نہ ضائع ہونے پائے۔
ہے گنہہ الٹا یہ نیکی کے بجائے۔

حرف آخر ایک خوش خبری سنو۔
اور فرمانِ نبیﷺ پر جھوم اٹھو۔

ہے حدیث پاک مسلم میں بیاں۔
لکھتے ہیں بالاختصار اس کو یہاں۔

"جو کوئی مومن کرے کامل وضو۔
سب گناہ ہو جاتے ہیں اس کے فرو۔" (صحیح مسلم۔ کتاب الطہارۃ)

مولیٰ! سلجھا اس کے دے سب بگڑے کام۔
جو ترا بندہ کرے یہ نظم عام۔۔۔ آمین

(الحمد للہ 8 رمضان المبارک کو مکمل ہوئی)