Travel ·

جنوبی افریقہ میں سات دن۔ آخری حصہ

جنوبی افریقہ کے ساحلوں کے متعلق سنا کافی تھا لیکن ہمارا اس مغرب زدہ ملک کے کسی بھی ساحل کی زیارت کا قطعی ارادہ نہیں تھا۔ لیکن شومئی قسمت، ہماری روانگی سے ایک دن قبل ہمارے باس علی حبیب بھی ڈربن آ پہنچے۔ لہٰذا کمپنی کے پورے عملے نے موسیٰ مبھیدا (Moses Mabhida) اسٹیڈیم جانے کی ٹھانی۔ اس اسٹیڈیم کا قصہ آگے آئے گا۔

ہونی کو کون ٹالے۔ اسٹیڈیم اس دن بند ملا۔ چنانچہ سب نے بالاتفاق اسٹیڈیم سے متصل ساحل کی ہوا خوری کا فیصلہ کیا۔ ہمیں انکار کرتے نہ بن پڑی۔ ہم ساحل پر پہنچے ہی تھے کہ ہماری امیدوں کے برعکس ایک عجیب کیفیت طاری ہوگئی۔ قدرت کے اس حسین شاہکار، جسے دنیا بحر ہند کے نام سے جانتی ہے، کے طلسم نے ہماری نگاہوں کو گویا جکڑ لیا۔ پھر وقت کے احساس سے عاری ہم فقط ٹک لہروں ہی کو تکتے رہے۔ قارئین کے لیے شاید یقین کرنا مشکل ہو کیونکہ یہ حقیقت ہے کہ یہاں ساحلوں پر فحاشی اور برہنگی کوئلے کی کان میں کالک کی طرح بکھری ملے گی۔ لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ جب قدرت اپنے جوبن پر ہو تو دوسری ہر چیز اس کے سامنے ہیچ ہوتی ہے۔

ان ساحلوں پر عوام کے عموماً تین کام ہوتے ہیں۔ سرفنگ، مچھلیوں کا شکار اور دھوپ خوری۔ ہم ان میں سے کسی ایک سے بھی شغف نہیں رکھتے۔ یہاں سے واپسی تب ہوئی جب بھوک نے ستایا۔ ہم نے واپسی سے قبل ساحل کے سامنے ہی ظہر و عصر ملا کر قصر کی۔ بقول بیدم شاہ وارثی: سجدے سے مجھے مطلب۔ کعبہ ہو یا بت خانہ۔

وہیل کے طرز پر بنایا گیا ساحل۔ ڈربن میں وہیل مچھلیاں اپنے موسم میں عام دکھائی دیتی ہیں۔
اس مقام کی خوبصورت نہ کسی کیمرے میں قید ہو سکتی ہے نہ الفاظ میں
مقامی فن پارہ۔ اور کیا خوبصورت بات کہی گئی ہے
لاکھ کوشش کر لیں۔ کہیں گندگی نہیں پائیں گے

وقت مختصر اور کام بہت۔ اتوار کا دن غنیمت تھا۔ اول ہم نے قصد کیا موسیٰ مبھیدا اسٹیڈیم  (Moses Mabhida Stadium) کا۔ تقریباً 65000 تماشائیوں کی گنجائش پر محیط یہ اسٹیڈیم فیفا کے عالمی مقابلوں کے لیے تین سال کے عرصے میں ساڑھے تین ارب رینڈ (450bn$) کی لاگت سے تیار کیا گیا تھا۔ اس کی وجہ تسمیہ مبھیدا موصوف ہیں جو جنوبی افریقہ کی کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکریٹری رہ چکے ہیں۔

یہ عام اسٹیڈیم نہیں۔ کوئی میچ نہ بھی ہو تب بھی لوگ صرف اس کو دیکھنے کھنچے چلے آتے ہیں۔ یہاں عام دنوں میں گائیڈ کے بغیر داخلہ ممنوع ہے۔ لہٰذا ہمیں گائیڈ کی خدمات حاصل کرنی ہی پڑی۔

اس اسٹیڈیم کی خاص بات اس کی اسکائی لفٹ، سوئنگ اور جمنازیم ہے۔

اسکائی لفٹ آپ کو اس کی چھت کی سیر کرواتی ہے جہاں سے ایک ہی نگاہ میں پورا ڈربن شہر آپ کے کینوس میں سما جاتا ہے۔

سوئنگ بنجی جمپنگ کی ایک شکل ہے جس میں آپ ایک مخصوص زاویے سے اسٹیڈیم کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگا سکتے ہیں۔ اس ایک جست کی قیمت سات سو رینڈ ہے۔ جی ہاں۔۔ آپ کا اندازہ درست ہے۔ اتنی مہنگی حماقت کا ہمیں کوئی شوق نہیں تھا۔

جمنازیم ورجن نامی ایک امریکی کمپنی کی ایک شاخ ہے جس میں بلامبالغہ سینکڑوں مشینیں نصب ہیں۔ چوں کہ یہ اسٹیڈیم ساحل سمندر سے متصل ہے اور ساحل کے سامنے ہی ہوٹلوں کی ایک لمبی قطار ہے۔ اس لیے یہ جم مقامی لوگوں سے زیادہ پردیسیوں سے بھرا رہتا ہے۔

کچھ جھلکیاں ملاحضہ ہوں:

یہ پلاسٹک کی کرسیاں نہیں۔ سینما گھروں کی طرز پر بنائی گئی آرام دہ کرسیاں ہیں۔
کرسیوں کا رنگ اس طرح ہے کہ کیمرے میں خالی ہوتے ہوئے بھی تماشائیوں سے بھرا دکھائی دیتا ہے۔
اس گھاس پر قدم رکھنے کا جرمانہ 500 رینڈ ہے۔ اس لیے دور درشن پر ہی اکتفا۔۔۔
اسکائی لفٹ
چاروں جانب نصب یہ ٹکٹ کاؤنٹر ایک گھنٹے میں پورے اسٹیڈیم کے لیے ٹکٹ جاری کر سکتے ہیں
وی آئی پی انکلوژر میں نصب ایک فن پارہ
ہاتھوں میں ہاتھ دیے لوگوں کی قطاریں یک جہتی کا مظہر ہیں
فیفا ورلڈ کپ میں کھیلنے والے کھلاڑیوں کی جرسیاں

ہماری فہرست میں آخری نام اُشاکا مرین پارک کا تھا۔ یہ تفریح پسندوں کی دنیا ہے۔ بنیادی طور پر یہ ایک واٹر پارک۔ میوزیم۔ شاپنگ مال۔ ریستوران۔ جانوروں کی نمائش گاہ اور سب سے مصروف ساحل سمندر کا مجموعہ ہے۔

یہاں ہماری شروعات خطرناک جانوروں کی نمائش سے ہوئی۔ کمزور دل افراد اس جگہ بھول کر بھی قدم نہ رکھیں۔ یہاں افریقہ کے مہلک ترین سانپ، مکڑیاں، چھپکلیاں اور مینڈک اپنی کئی اقسام کے ساتھ بند ہیں۔ اور بند بھی تکلفاً ہی ہیں۔ عملہ جب چاہے کوئی پنجرہ کھول بیٹھتا ہے۔

کیا آپ میں یہ دل گردہ ہے؟
خوف کی علامت کنگ کوبرا
مگرمچھ شاید واحد جانور ہے جس کے بچوں سے بھی خوف آتا ہو
مختصر ترین اور مہلک ترین بچھو
یہ اژدھا ایک مکمل سالم آدمی نگل سکتا ہے۔ اس کی لمبائی
کوموڈور ڈریگن۔ یہ جسامت میں مختصر ہونے کے باوجود اپنے سے بڑے جانداروں پر جھنڈ کی صورت میں حملہ آور ہوتے ہیں۔

دیگر تصاویر کے لیے یہاں کلک کریں

ہمارا اگلا قدم اُشاکا میں سمندری دنیا (Ocean world) کی نمائش کی جانب تھا۔ یہ نمائش گاہ تین حصوں میں تقسیم ہے۔ ایک حصے میں ڈولفن، بطریق (Penguin) اور سمندری بچھڑا (Seal) اپنے کرتب دکھانے میں مصروف ہیں۔ دوسرا حصہ ایک بحری جہاز میں بنا مچھلی گھر ہے۔ تیسرے شعبے میں واٹر پارک ہے۔

ڈولفن انتہائی ذہین جانور ہے اور انسانوں سے بے حد مانوس۔ اسے سدھانا اور تربیت دینا پانی کے دوسرے کسی بھی جاندار کی بنسبت آسان ہے۔ بڑے سے سوئمنگ پول میں یہ ڈولفنز لہراتی، بل کھاتی، پانی اڑاتی ایسے کرتب دکھا رہی تھیں کہ یقین کرنا مشکل۔ جب جب ان کے خرمستیوں کے طلسم سے باہر آتے، کیمرے سے ایک جھپکی لے لیتے۔

دوسری جانب سمندری بچھڑے اپنی ہی دنیا میں مگن۔ ان کا من پسند مشغلہ پانی میں قلابازیاں کھانا ہے۔ بالخصوص جب یہ پانی میں برمے کی مانند گھوم رہے ہوتے ہیں۔ خشکی پر یہ بدقت تمام رینگ ہی سکتے ہیں۔

بچوں کے لیے جاذب نگاہ یہ معصوم سا بطریق بھی قدرت کا ایک عجوبہ ہے۔ بنیادی طور پر یہ ایک پرندہ ہے جو پر نہ ہونے کے سبب اُڑنے سے قاصر ہے۔ یہ جھنڈ کی صورت میں رہتا ہے اور اپنا آدھا وقت پانی میں اور باقی آدھا خشکی پر گزارتا ہے۔ پنجے بھی دیگر پرندوں سے کچھ مختلف ہونے کی وجہ سے دوڑ نہیں سکتا، لیکن اس کا مٹک مٹک کر چلنا ہونٹوں پر بے ساختہ مسکراہٹ بکھیر دیتا ہے۔ بطریق بحر منجمد - براعظم انٹارکٹیکا کے سرد ترین موسم سے لے کر افریقہ اور امریکا کے گرم علاقوں میں بھی پایا جات ہے۔ ہمیں بچوں کے ہجوم کے باعث اس کے دور درشن ہی نصیب ہو پائے۔

اب ہمارا رخ ڈربن کے مثالی بحری جہاز کے طرف تھا۔ آپ کراچی کے گڈانی ساحل کے متعلق جانتے ہوں گے جہاں ٹوٹے پھوٹے اور ریٹائر کردہ بحری جہازوں کا ملبہ لا کر ان میں سے لوہا الگ کیا جاتا ہے۔ یہاں اس سے یکسر مختلف صورت دیکھی۔ حکومت نے اسی طرح ایک پرانے جنگی جہاز کی جو قابل مرمت نہیں تھا، ہئیت تبدیل کر کے اسے ایک جناتی مچھلی گھر کی شکل دے دی۔ اس آبی جنت کی نمائش گاہ میں قدم کا رکھنا تھا کہ نہ وقت کا ہوش رہا، نہ اپنا۔ پندرہ منٹ دو گھنٹوں تک ترقی پانے کے باوجود نہ آنکھیں بھریں، نہ حسرت دور ہوئی۔  اب تک جو کچھ نیشنل جیوگرافک چینل پر دیکھ کر حیران ہوتے رہے، آج پیشِ نگاہ تھا۔

انگریزوں کے دور کی تباہ شدہ جنگی کشتی کا ایک منظر
سینکڑوں انواع و اقسام کی مچھلیوں کے جھنڈ شیش محل نما ایکویریم میں
نیمو یاد ہے ناں؟
دشمن سے حفاظت کا انوکھا قدرتی ہتھیار
کانچ جیسی شفاف جیلی مچھلیاں محو استراحت ہیں
پھول نما جیلی مچھلیاں۔ قدرت کا ایک ناقابل یقین فن پارہ
نہیں جناب اس میں ایل سی ڈیز نہیں لگی ہوئیں۔ یہ جامنی روشنی بکھیرتی برقی جیلی مچھلی ہے
تفرقوں میں بٹے دیوبندی، بریلوی، اہلحدیث، شیعہ حضرات کو اس منظر سے کچھ سبق سیکھنے کی ضرورت ہے
دہشت کا نشان - قرش مچھلی
ہوا سے شفاف پانی
ہر سیپ کی خاموشی میں سمندر کا سکوت پنہاں ہے۔ کوئی سامع چاہئے۔

The sea has lived on in this shell, because that’s its destiny. And it will never cease doing so until the desert is once again covered by water. [The Alchemist]

سمندری جواہر و زیورات
مختلف انواع کے کوڑے کے لیے ڈرم۔ ایک ہم ہیں کہ کوڑے دان کی موجودگی میں بھی اطراف میں گندگی پھیلاتے ہیں۔ یہ ہے صفائی پسند قوموں کی ایک مثال
ستارہ مچھلی۔ یہ عمومی طور پر نگاہوں سے اوجھل رہتی ہیں
تو (اے جن و انس) تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت جھٹلاؤ گے؟ [الرحمٰن]
جہاز کا بیرونی منظر۔ اور ایک آدھ ریستوران کا ہونا تو بہرحال فرض ہی تھا

دیگر تصاویر کے لیے یہاں کلک کریں

یہاں ایک عدد واٹر پارک بھی ہے۔ جس سے ہم نہانے کا لباس نہ ہونے کے سبب مستفید نہ ہوسکے۔ البتہ نفس لوامہ کو یہ کہہ کر بہلاتے رہے کہ بد نظری کا شدید خطرہ ہے اس لیے احتیاط کے پیش نظر ہم نہیں جاتے۔ جانے یہ نگاہ بعد از مرگ کتنے جسموں کو جلانے کا باعث ہوگی۔ اللہ حفاظت فرمائے۔

ایسا ہرگز نہیں کہ جنوبی افریقہ ہر لحاظ سے مثالی ہے۔ مادی ترقی اپنی جگہ، صفائی ستھرائی اور قانون کی بالادستی مثالی درست۔ تعلیم و ترقی میں یہ ملک لاکھ بہتر سہی لیکن اخلاقی اعتبار سے انتہائی پسماندہ ہے۔ امّ الخبائث کا ہر اسٹور پر راج ہے۔ مرد وزن کا اختلاط معمول ہے۔ نیلسن منڈیلا کی انتھک کاوش کے باوجود رنگ و نسل کے امتیاز کے اثرات اب تک باقی ہیں۔

ایک بات جو ہمیں حیرت انگیز بھی معلوم ہوئی اور نہایت افسوسناک بھی وہ یہ کہ یہاں موٹاپے کی بہتات ہے۔ بالخصوص خواتین میں یہ بیماری مردوں کی بنسبت بے تحاشا زیادہ ہے۔ دوسری جانب جو لوگ فربہی کا شکار نہیں وہ اکثر کسرتی جسم رکھتے ہیں۔ ورزش اور کسرت کا رحجان عمومی طور پر دکھائی نہیں دیتا۔

دوسری وباء سرمایہ دارانہ نظام ہے جس کا سفلی جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہوتا جا رہا ہے۔ نامی گرامی شاپنگ مال، ریستوران اور گاڑیوں کے شوروم اپنی حریص زبانیں نکالے جگہ جگہ شکار کے منتظر۔۔۔ ادھر لوگوں کا مزاج: ہے جستجو کہ خوب سے ہے خوب تر کہاں۔ مہنگی ترین گاڑیاں۔ بے جا خرچ۔ یہ تمام مغربی طرز زندگی کی نشانیاں ہیں اور تباہ کن انجام کا پیش خیمہ۔

تیسرا مسئلہ غلامانہ ذہن۔ آزاد ہونے کے باوجود مقامی لوگ خود کو اپنا کاروبار کرنے کا اہل نہیں سمجھتے اور کسی کا نوکر بن کر رہنا پسند کرتے ہیں۔ اللہ کا کروڑہا شکر کہ اس نے ہمیں اسلام کی نعمت سے سرفراز فرمایا جو اصل غلامی، یعنی دل کی غلامی کی بیڑیاں کاٹ پھینکتا ہے اور ہمیں فقط ایک ہستی کی غلامی سے وابستہ رکھتا ہے۔

بہرکیف۔ ہمیں اس معاشرے سے اچھے اسباق اُٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔ نظم و نسق۔ قانون کی پاسداری اور صفائی ستھرائی۔ یہ وہ اوصاف ہیں جن میں ہم اس نومولود ملک سے کئی دہائی پیچھے ہیں۔

واپسی پر وہی حسب عادت ائیرپورٹ پر عوامی جم غفیر۔ ایک مزاحیہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب ائرپورٹ پر ایک نوجوان جوڑا، جو انگلستان کا قصد کیے بہت پرجوش انداز میں اژدھے جتنی لمبی قطار میں کھڑا تھا، سب کی لیے تفریح کا باعث بنا۔ ٹی وی اور انٹرنیٹ کے دور کے یہ مادر پدر آزاد بچے ہمارے آگے تھے اور ہر تھوڑی دیر میں بوس و کنار میں مصروف ہوجاتے۔ ہمیں سخت کوفت محسوس ہوئی۔ اللہ اللہ کر کے وہ امیگریشن کاؤنٹر پر پہنچے۔ وہاں کچھ بحث کرنے لگے جو ہم تو نہیں سن سکے البتہ کچھ دیر بعد امیگریشن آفسر کی آواز بلند ہوئی:

Sir, you don't understand. This passport is empty...

معاملہ کچھ یوں تھا کہ وہ بے چارے پاسپورٹ اور ٹکٹ کا انتظام کر کے سمجھے تھے کہ بس کام بن گیا۔ اس مقام پر کہ: دو چار ہاتھ جب کہ لبِ بام رہ گیا، یہ عقدہ کھلا کہ ویزا بھی کوئی شے ہے جو بیرون ملک سفر کے لیے ضروری ہے۔ اور اس طرح ظالم سماج ایک رومانوی داستان کی تکمیل میں ایک بار پھر حائل ہو گیا۔ (اور اس بار بھی اچھا ہی ہوا)۔

ہمیں پھر سوائے طولِ سفر کے اور کوئی دقت نہیں ہوئی۔ کچھ ہوئی تو اُن محترمہ کو جن پر ہم کراچی میں طیارے سے سامان نکالتے ہوئی اپنا بیگ گرا بیٹھے۔ وہ اپنے فیشن زدہ جوتوں کے سبب اپنے انگوٹھے کے ناخن سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔ ہم سوائے ملتجیانہ معذرت کے اور کچھ نہیں کر سکتے تھے۔ ہماری طبیعت میں اپنی غلطی ماننا عموماً نہیں۔ لیکن جو غلطی مان لی اسے معاف کروائے بغیر پھر چھوڑتے بھی نہیں۔ جہاز میں تو انہوں نے بے نقط سنائی لیکن سامان وصولی کے کاؤنٹر پر صلح پر آمادہ ہوگئیں۔ ہمارے اچھوں کی بھی توبہ جو آیؑندہ کبھی جلد بازی سے کام لیا۔

امید ہے یہ سفرنامہ اکثر کو انتہائی خشک لگے گا۔ اور لگنا بھی چاہئیے۔ لیکن ہمیں کیا؟ بھئی ہمارا بلاگ ہے۔ ہمارا سفر ہے۔ ہماری مرضی جیسے چاہیں لکھیں!