جنوبی افریقہ سیاحوں کے لیے مقناطیس کی شہرت رکھتا ہے۔ اور اس کی دو وجوہات ہیں۔ اوّل خالق نے اس خطے کو قدرتی خوبصورتی سے بکثرت نوازا ہے۔ دوم یہ کہ مقامی لوگ اس بے لوث اثاثے کے قدردان ہیں اور ان کی خاطر خواہ حفاظت کرتے ہیں۔
ہمارے گیسٹ ہاؤس کے عین سامنے مشہور مچل پارک اور اس میں ایک عدد چڑیا گھر واقع تھا۔ کراچی کے گاندھی گارڈن کے برعکس، یہاں کی تزئین و آرائش دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ چند مناظر ملاحظہ ہوں:
پرندوں کی جتنی اقسام ہم نے اس ایک چڑیا گھر میں دیکھی اتنی غالباً پاکستان بھر کے چڑیا گھروں میں پائی نہ جاتی ہو۔ اور ان میں سے بیشتر کھلے گھوم رہے تھے۔ خصوصاً یہ مور ہر ایک کی توجہ کا مرکز بنا رہتا اور بچوں کو اپنے پیچھے دوڑاتا پھرتا۔
یہاں سے فراغت کے بعد ہم ریچل کے اصرار پر ایک اور تفریح گاہ میں گئے جو ڈربن باٹنک گارڈن (نباتاتی باغ) کے نام سے مشہور ہے۔ اس مقام پر افریقہ اور دنیا کے دیگر خطوں سے بھانت بھانت کے درخت اور پودے لاکر آباد کیے گئے ہیں۔
اس باغ میں ایک مقام پر ایلین پودوں کا شعبہ بھی ہے جہاں عوامی رہنمائی کے لیے ماحولیات کے لیے خطرناک پودوں سے مفصل معلومات ہیں۔ کچھ قارئین کے لیے تو شاید یہ اصطلاح ہی نئی ہو۔ اس قسم کے پودوں کی مختصر اقسام یوں ہیں:
- 1۔ پانی میں نشوونما پانے والی گھاس جو پانی کی گزرگاہوں میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔ اور نکاسی آب میں شدید مسائل پیدا کرتی ہے۔ یہی نہیں۔ پانی کثیر مقدار میں پینے والے یہ پودے قحط کا سبب بھی بن سکتے ہیں۔
- 2۔ زہریلے پودے اور جڑی بوٹیاں۔ ان میں سے بعض کی پیداوار اس قدر تیز ہے کہ ہاتھوں سے تلف کرنا تقریباً ناممکن ہوتا ہے۔ لہٰذا انہیں ادویات کے ذریعے ٹھکانے لگایا جاتا ہے۔ ان کا استعمال بعض دواؤں کی تیاری تک محدود ہے۔
- 3۔ دریا برد لکڑی کے پودے اور درخت جن میں سفیدے کی اقسام بھی شامل ہیں۔ یہ بے تحاشا پانی پیتے ہیں اور خشک آبی کا سبب بنتے ہیں۔ صرف ایک اکاکیس نامی پودہ ہی جنوبی افریقہ میں اڑھائی ہزار کلومیٹر تک کی پٹی میں پھیلا ہوا ہے۔ اور سالانہ 14 ارب رینڈ کے نقصان کا باعث بنتا ہے۔
- 4۔ پودوں کی وہ اقسام جو خطرناک مچھروں اور دیگر حشرات الارض کی افزائش میں معاون ہوتے ہیں۔ واضح رہے کہ جتنی اموات دنیا میں فقط مچھروں کے باعث ہوتی ہیں، اتنی دیگر تمام جانوروں (علاوہ انسان) کے ہاتھوں نہیں ہوتیں۔
- 5۔ کچھ اقسام خس و خاشاک کی سی ہیں جو آگ پکڑ لیں تو جنگل کے جنگل جلا ڈالتے ہیں۔ یہ آگ بجلی گرنے سے بھی لگ جاتی ہے۔
ان ایلین پودوں کو تلف کرنے کے لیے تیز دھار ہتھیاروں سے کام لیا جاتا ہے۔ بعض کو کیمیکل چھڑک کر گلا دیا جاتا ہے۔ جبکہ بعض کے لیے مخصوص قسم کے کیڑے اور قاتل وائرس چھوڑے جاتے ہیں۔
ایک شعبہ ان لوگوں کی رہنمائی کے لیے مختص ہے جو گھروں میں پودے سجانے کے شوقین ہیں۔ یہاں بھانت بھانت کے پودوں، بیلوں اور جڑی بوٹیوں کے مزاج، افادیت اور نشوونما کے طریقے بتائے گئے ہیں۔
یونہی گھومتے گھامتے ہم ایک لالہ زار میں پہنچے جس کی مہک نے ہمارے وجود کا انگ انگ گویا معطر کر دیا۔ ایسی خوشبویات ہم نے پرفیوم کے بوتیک پر بھی نہ پائیں۔ ہم تو شاید بیٹھے بیٹھے ایک آدھ غزل ہی کہہ ڈالتے اگر ڈینزل نے اپنے پہنچنے کا عندیا نہ دے دیا ہوتا۔
چاروناچار اس سبزہ زار کو الوداع کہہ کر واپسی کا رخ کیا۔ جس شخص نے بھی ڈربن کا سفر کیا اور اس گلستان سے نہ گزرا وہ خود پر ظلم کرے گا۔
جاری ہے۔۔۔