ننھے شہیدو۔
جنت سے کوئی چٹھی بھیجو۔
دیس تمہارا سوگ میں ہے۔
آج تمہیں ہم سب سے بچھڑے۔
ایک برس بھی بیت گیا۔
تم تو خالق کی جنت میں خوب مزے سے رہتے ہو گے؟!
پریاں تم سے کھیلتی ہوں گی۔
پاک فرشتے تم سے اور تم ان سے چھپتے پھرتے ہو گے۔
کتنی رونق رہتی ہوگی۔
نہ اسکول کی کوئی جھنجھٹ۔
نہ گھر کے کاموں کی زحمت۔
لیکن پھر بھی دل کہتا ہے۔
یاد ہمیں تم کرتے ہو گے۔
سونے چہرے اپنے پیاروں کے تم کو یاد آتے ہوں گے۔
ماں کی آنکھوں میں پڑتے۔
حلقے نہ تم سے اوجھل ہوں گے۔
غم کے بار سے بوجھل ہوتے۔
بابا کے ڈھلتے کاندھے۔
تم دیکھ کے غمگیں ہوتے ہو گے۔
سنو مگر۔
اک دن ہم سب بھی تم سے ملنے آئیں گے۔
کوشش کرنا۔
سامنے رب عالم کے تم ضد بھی کرنا۔
اپنے ماما بابا کو جنت میں ساتھ ہی لے جانا۔
پھر کوئی پتھل دل وحشی۔
یا شیطان کا کوئی چیلہ۔
بندوق لیے۔ بارود اٹھائے۔
پاس تمہارے نہ بھٹکے گا۔
ان کو گر تم دیکھنا ظاہر چاہو۔
جھانکنا جنت سے باہر۔
دوزخ میں۔
اس دن تم بھی دیکھو گے انصاف خدائے منصف کا۔
ظلم کا بدلہ۔ آگ کے کپڑے۔ کھولتا پانی۔ سانپ اور بچھو۔ جانے کیا کچھ۔
نہیں۔ نہیں۔ تم دیکھنا مت۔
دنیا میں بہت کچھ دیکھ لیا۔
بس اب تم جاؤ۔
مخمل کے بستر کب سے۔
راہ تمہاری تکتے ہیں۔
ننھے شہیدو!
سو جاؤ۔۔