عمان، ملاوی اور جنوبی افریقہ کے سفر میں ایک بات ہم نے بہت مفید پائی کہ جس مقام پر قیام ہو، اس کے دو تین میل نصف قطر (Radius) کے اندر کا علاقہ پیدل چل کر حفظ کر لیا جائے۔ مذید یہ کہ آپ کے پاس ہمہ وقت موبائل کے علاوہ ایک کاغذ میں مندرجہ معلومات ضرور لکھی ہوں:
- - آپ کا موبائل نمبر اور پاسپورٹ نمبر
- - آپ کے میزبان یا ہوٹل کا نمبر اور پتہ
- - مقامی ہنگامی مراکز کے نمبر اور پتے
- - آپ کے ملک کے سفارت خانے کا نمبر اور پتہ
ہم نے ڈربن ک محاورتاً نہیں حقیقتاً خاک چھانی ہے۔ اور اس قدر کہ ہمارے موبائل کے مطابق ہم اوسطاً آٹھ ہزار سے زیادہ قدم روزانہ چلتے تھے۔ اس پیدل مارچ میں سب سے طویل سفر گرےول ریس کورس (Greyville Racecourse) کا تھا۔ نام ہی سے ظاہر ہے۔ یہ سوال ہمارے ذہن میں کافی کلبلاتا کہ گالف کھیلنے کے لیے گاڑی کی ضرورت کیوں پڑتی ہے۔ آخر چند قدم ہی تو چلنے ہیں؟! گرے ول کے اندر ہی گالف کورس بھی تھا۔ لہٰذا اس سبزہ زار کا 2800 میٹر طویل چکر لگانے کے بعد ہماری تشفی ہوگئی۔ گو کہ اس احمقانہ تجربے سے جسم کا رواں رواں بول پڑا۔
اسی ریس کورس کے قریب ایک ہری کرشنا نامی ہنود کا مندر ہے۔ اس کے عین برابر میں شیخ احمد دیدات مرحوم کا قائم کردہ اسلامی مرکزِ تبلیغ واقع ہے۔ ہمیں ان دونوں کا ایک ساتھ ہونا بہت بے ربط سا لگا۔ بعد ازاں ہمارے ڈرائور ڈینزل (Denzil) نے بتایا کہ یہ خوبصورت مندر اب صرف امراء کے شادی ہال کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔ اس میں پوجا پاٹ کے تمام سلاسل موقوف ہو چکے ہیں۔
یہ سن کر ہمیں قرآن کریم کی آیت یاد آئی:
وَقُلْ جَاءَ الْحَقُّ وَزَهَقَ الْبَاطِلُ ۚ إِنَّ الْبَاطِلَ كَانَ زَهُوقًا (بنی اسرائیل۔ ۸۱)
ترجمہ: اور فرماؤ کہ حق آیا اور باطل مٹ گیا۔ بے شک باطل کو مٹنا ہی تھا۔
اللہ اکبر!
سرفروشان اسلام کے قدم جہاں تک گئے، انہوں نے پیام حق مخلوق تک پہنچایا۔ جنوبی افریقہ میں اسلام کی اشاعت دو صدیوں سے جاری ہے۔ یہاٰ کی قدیم ترین مسجد "جمعہ مسجد" کے نام سے موسوم ہے۔ ۱۸۸۱ میں تعمیر کیے گئے اس منبع ہدایت کا ہندی طرز تعمیر گواہی دے رہا ہے کہ یہ سعادت برصغیر کے مسلمانوں کو حاصل ہوئی ہے۔ اس مسجد میں چھ ہزار سے زائد نمازیوں کی گنجائش ہے۔ تزئین و آرائش کے اعتبار سے بے حد دلکش سے جاذب نظر اس فن پارے کے چند اندرونی مناظر پیش ہیں:
اس کے علاوہ ہمیں جس مسجد میں نماز جمعہ کی سعادت حاصل ہوئی وہ مسجد الہلال کے نام سے موسوم ہے۔ اس مقام پر کبھی ایک عدد ہوٹل اور شراب کا اسٹور ہوا کرتا تھا جسے 2004 میں داعیان حق نے خرید کر دوبارہ جاء الحق کی یاد تازہ کی۔ جدید سہولیات سے آراستہ یہ مسجد شہر کے پوش علاقے میں واقع ہے۔ اللہ اسے تاقیامت آباد رکھے۔
ہم نے اپنی دانست میں مقامی مسلمانوں کو مذہبی منافرت اور فرقہ واریت سے کافی دور پایا۔ کسی مسجد کے دروازے پر سنی، بریلوی مسلک لکھا نہ پایا۔ اور ہر رنگ کے، ہر مسلک کے پیروکاروں کو شانہ بشانہ ایک ذات صمد کے آگے جھکتے دیکھا۔ اللہ فرقہ واریت کی نحوست پوری اُمّت سے دور فرمائے۔
ڈربن میں اسپر (Spur) نامی ایک ریستوران ہے۔ لیکن یہ کوئی عام نام نہیں۔ اس کی مقامی 237 اور عالمی 28 شاخیں ہیں اور حلال کھانے میں ذائقے اور معیار میں اپنی مثال آپ ہے۔ ہمیں ان میں سے ایک چیپیوا اسپر (Chippewa Spur) میں جانے کا اتفاق ہوا اور ہماری رائے یہی ہے کہ اگر آپ کا ڈربن جانا ہو تو ایک آدھ چکر ادھر ضرور لگایا جائے۔ اسپر کا ایک اپنا حلال سپرمارٹ بھی ڈربن میں موجود ہے۔ جہاں آپ آنکھیں بند کر کے ہر چیز ٹرالی میں ڈال سکتے ہیں۔۔۔۔۔ یہ الگ بات کہ ہر حلال چیز صحت کی ضامن نہیں ہوتی۔
کھانے کے حلال مراکز میں آپ کو ایٹ آؤٹ (Eat out) کا بھی نام ملے گا۔ خبردار! یہ ریستوران حلال ضرور ہے لیکن مکمل طور پر خواتین کے ہاتھ میں ہے۔ اور غالباً کاونٹر پر موجود مستورات کی باورچی خانے والیوں سے بنتی نہیں۔ مسلسل چیخ و پکار اور آہ و فغاں سے ادھر کی فضا مکدر ہے۔ ہم نے اتفاقاً کاونٹر پر مامور محترمہ سے پوچھا:
How is the food?
طمانچہ مارنے کے انداز میں جواب رسید کیا۔
What do you mean "how is the food"? Of course it's the best. Once tasted never wasted.
ان کی خون آشام نگاہوں کی ہم مزید تاب نہ لاسکتے تھے۔ لہٰذا آرڈر دے کر چپ چاپ بیٹھ گئے۔ اور بیٹھے ہی رہے۔ جانے کتنی مدتیں انتظار میں گزریں۔ قیس بھی کیا انتظار کیا کرتا ہوگا لیلیٰ کا جو ہم کھانے کا کرتے رہے۔ پہلا نوالہ کھایا۔۔۔ بقیہ زہرمار کیا۔ اور آئیندہ اس جانب رخ نہ کرنے کا خود سے عہد کر کے بھاگ آئے۔
جاری ہے۔۔۔