Travel ·

جنوبی افریقہ میں سات دن - حصہ اول

ڈربن میں کنگ شاکا ائیر پورٹ پر اترتے ہی ہمیں امیگریشن حکام کی جانب سے جس صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، اس کے لیے ذہنی طور پر تو تیار تھے لیکن لگ بھگ بیس گھنٹے کے سفر کے بعد جسم نے جواب دینا شروع کر دیا تھا۔ آخر کار ہماری باری آخر کار آئی اور پاسپورٹ پر لگے ویزا کا طویل مطالعہ کرنے کے بعد مجھے پاس کر ہی دیا گیا۔ لیکن باہر آتے ہی انکشاف ہوا کہ ہمارے سوٹ کیس پر ہاتھ صاف کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ کیونکہ تالا غائب تھا۔ شومئی قسمت، ہم نے اس میں فقط کپڑے اور جوتے ہی رکھے تھے۔ خیر، ہم اطمینان سے باہر آئے جہاں ہمارا شوفر بے اطمینانی سے ہمارا منتظر تھا۔

بر اعظم افریقہ میں یہ ہمارا دوسرا دوسرا دورا تھا۔ چونکہ انتظامات کمپنی نے پہلے ہی سنبھال رکھے تھے لہٰذا زیادہ تکلیف نہیں اٹھانی پڑی۔ آدھے گھنٹے کی مسافت کے دوران ہی ہمیں اس شہر کی خوبصورتی کا اندازہ ہو چکا تھا۔ جدھر دیکھا، حد نگاہ تک ہریالی ہی ہریالی۔ نیوک (Neuk) نامی ریسٹ ہاؤس میں ہمارا استقبال میزبان خاتون "ہیلی" نے بڑے تپاک سے کیا اور کمرے تک پہنچا کر ایک چابیوں کا گچھا تھما دیا۔ اس مکان میں ہر چیز ہی قدیم تھی۔ آپ چابیوں کی بناوٹ سے ہی اندازہ لگا سکتے ہیں۔

مغرب کا وقت ہو چلا تھا۔ لہٰذا پہلے موبائل کی مدد سے قبلے کا تعین کر کے فریضہ اوّل ادا کیا۔

ابھی سامان تک نہ کھولا تھا کہ ریچل اور ڈاکٹر حمیدہ گاڑی سمیت وارد ہو گئے۔ معلوم ہوا کہ ادھر عشائیہ سات آٹھ بجے تک کرنے کا رواج ہے۔ کچھ دیر میں ہم "پالکی" نامی ایک ہندوستانی ریستوران میں تھے۔ کھانے کے انتخاب میں ہمارے سامنے ایک ہی سوال ہوتا ہے کہ حلال کیا ہے؟ نہایت لذیذ مچھلی تکہ کے ساتھ انصاف کرنے کے بعد اگلے روز کا لائحہ عمل طے کیا اور واپس گیسٹ ہاؤس میں آ کر بعد نماز عشاء چہل قدمی کے لیے نکل گئے۔ لیکن باہر نہ آدم نہ آدم زاد۔ رات نو بجے ہی ھو کا عالم طاری تھا۔ کراچی کے رہنے والے بہتر سمجھ سکتے ہیں کہ ہمارے احساسات کیا رہے ہوں گے۔ چاروناچار واپس آ کر بستر دراز ہوئے ہی بن پائی۔

علی الصبح جاگ کر اپنے معمولات ادا کیے اور پُر تعیش غسل اور پُر تکلف ناشتے کے بعد رخت سفر باندھا۔ پانچ دن کام میں ہی صرف ہونے تھے۔ ادھر آمد کا ہمارا اولین مقصد ایک میٹنگ میں شرکت کرنا تھا جس میں ادارہ صحت کے ساتھ ٹی بی کے ایک پراجیکٹ میں ہمیں معاونت کرنا تھی۔

یہ میٹنگ ڈربن شہر سے تقریباً دو گھنٹے کی مسافت پر واقع پیٹرمارٹزبرگ نامی شہر میں طے تھی۔ یہ پورا راستہ ہم نے عجیب کیفیت میں گزارا۔ گاڑی میں نہایت فضول اور بے وقعت سے ریڈیو چینل چل رہے تھے جن تمام کا موضوع فلرٹ قسم کے معاشقوں کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔ چاہے گانے ہوں یا اینکر اپنی ہانک رہے ہوں یا کسی کی فون کال نشر کی جارہی ہو۔ دوسری جانب قدرت اپنے جوبن پر تھی اور زمین پر رنگ بکھیرے آنکھوں کو خیرہ کر رہی تھی۔

یہاں سب سے زیادہ جس بات پر ہمیں تنبیہہ کی گئی وہ سڑکوں کے جرائم تھے۔ رات کو گھر تک محدود رہنا۔ گاڑی کی کھڑکی بند رکھنا۔ زیادہ قیمتی چیزیں ساتھ لے کر نہ چلنا۔ حتیٰ کہ ریستوران کے بل بھی بغور دیکھنا۔ یہ تمام نصائح ہمیں دو ہی دنوں میں ازبر ہوچکے تھے۔ یہ الگ بات کہ ہمیں شہر میں مٹرگشت سے کوئی نصیحت نہ روک سکی۔ ہم جتنا کچھ سفر سے سیکھ سکتے ہیں، کتابیں نہیں سکھا سکتیں۔ اگر خطروں سے ڈر کر انسان ایک خول میں بند رہے تو وہ زندگی گزار تو سکتا ہے، جی نہیں سکتا۔

بات کہاں نکل گئی۔ ہمارا اصل موضوع جنوبی افریقہ تھا۔ یہاں سب سے زیادہ فکر حلال کھانے کی تھی۔ گوکہ سبزی کا آپشن ہمیشہ دستیاب تھا لیکن ہم گوشت خور کہاں رہ سکتے ہیں۔ آپ Nando's اور KFC کو لاکھ برا کہہ لیں۔ لیکن یہاں یہ ایک نعمت سے کم نہیں۔ وہ تو بھلا ہو ہیلی کا جس نے حلال مراکز کی ایک فہرست بنا رکھی تھی۔ جن میں سے کافی گیسٹ ہاؤس سے کچھ دور فلوریڈا روڈ پر ہی تھے۔

براعظم افریقہ کے مسائل میں ایڈز صف اوّل پر ہے۔ یہاں لاکھوں لوگ ہر سال اسی بیماری سے مرتے ہیں۔ جس کی سب سے بڑی وباء بے راہ روی ہے۔ اس کا اندازہ یوں لگایا جاسکتا ہے کہ جنوبی افریقہ جیسے ترقی یافتہ ملک میں بھی لگ بھگ پچاس فیصد خواتین جنسی زیادتی کا شکار ہوتی ہیں۔ ہمارے دورے میں اوگو نامی ضلع میں ٹرٹن کمیونٹی ہسپتال بھی شامل تھا۔ یہاں مریضوں کا ہجوم دیکھ کر ہی دل دہل گیا۔ تصاویر کشی کی سختی سے ممانعت تھی ورنہ ہم یہاں ضرور دکھاتے۔

یہاں چرچ بکثرت ہیں لیکن اپنے پیروکاروں کے منتظر۔ عام لوگوں کی کوئی سمت نہیں۔ مادّہ پرستی اپنے عروج پر ہے اور زیادہ سے زیادہ پیسا کمانے اور اُڑانے کی فکر اس معاشرے کا حصہ ہے۔ مقامی لوگوں کی ترجیح اپنا کاروبار کرنے کے بجائے تنخواہ دار رہنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ زیادہ تر کاروبار غیر ملکیوں کی ملک ہے۔

اب تک ہم نے ایک نہایت صاف ستھرا اور شاندار شہر دیکھا تھا جہاں گندگی نام کو بھی نہ تھی۔ سڑکوں پر درختوں سے بچھڑے پتوں کے علاوہ کوئی پنّی بھی نہ نظر آئی۔

لیکن یہ تصویر کا ایک رخ ہے۔ حقیقت یہ ہے مادّیت کے اس دور میں کوئی آبادی ٹوٹی کھڑکیوں، غلیظ، بدبودار سڑکوں اور بے گھر بھکاریوں کے بغیر شہر نہیں کہلا سکتی۔ سرمایہ دارانہ نظام برابری کی سطح پر پنپ ہی نہیں سکتا۔ اس نظام میں غریب کا غریب تر اور امیر کا امیر تر ہونا لازم ہے۔ ہمیں بھی دوسرا رخ وکٹوریا اسٹریٹ کے اطراف میں نظر آیا۔ عموماً پسماندہ ممالک سے تعلق رکھنے والوں کا بسیرا ہے جن کی زندگی فٹ پاتھ سے ملحق ہے۔ یہ علاقہ کراچی کی ایمپریس مارکیٹ کا نقشہ پیش کرتا ہے۔ سرکاری بسیں اور ویگن ہمیں صرف یہیں دکھائی دیں۔ ورنہ عموماً ٹیکسی کا رواج ہے۔

بات کچھ عجیب لگے لیکن ہمیں احساس تحفظ دیگر مقامات کی نسبت اس جگہ زیادہ ہوا۔ شاید اس کی وجہ کراچی سے مماثلت بھی ہو۔ بہرحال، ہم نے کئی گھنٹے ان سڑکوں کو ناپتے گزارے۔ مسلمانوں کی کثرت کی وجہ سے یہاں حلال ریستوران بھی بکثرت پائے جاتے ہیں۔ ہم نے بھی کے ایف سی نما چکن لکن میں ہلکا پھلکا ڈنر کیا اور واپسی کی راہ لی۔۔۔

جاری ہے۔۔۔