Poetry ·

لاحاصل

اسیرِ دنیا داری نے کیا ہے کیا سے کیا حاصل۔
فقیرانِ شناسِ حق کو ہو شاہی سے کیا حاصل؟!

زمانہ خاک افتادی پہ اسکی لاکھ طعنے دے۔
یہ دیوانہ ہی جانے۔ ہے اس ابتری سے کیا حاصل!

ہے پنہاں دولت مستی خمارِ تازیانہ میں۔
محاسب جب نہ ہو ناظر تو مے کشی سے کیا حاصل؟

خرد سود و زیاں کے جال میں جکڑی گئی جس کی۔
اُسے غم سے کہاں نسبت۔ اُسے مستی سے کیا حاصل؟

گلستاں دل کے صحرا میں ہیں آبِ چشم سے کھلتے۔
وگرنہ نالۂ افغاں کی اس تری سے کیا حاصل؟

مقدر خاک کا پیوند ہونا ہے اٹل جب کہ۔
دلِ بے عقل! ایسی نفس پرستی سے کیا حاصل؟

ہے شرع عشق میں شکوے کی گنجائش کہاں عاجزؔ۔
ہوئے اک آہ سے کافر۔ ہوا حاصل، تو کیا حاصل!