برسوں کراچی کی پُر رونق تفریح گاہوں سے لے کر تنگ و تاریک گلیوں کی خاک چھاننے کے بعد ہماری تحقیق اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ کراچی کی کسی بھی دوکان، ہوٹل یا ریڑھی پر فالودے میں کشمش نہیں ڈالے جاتے۔ کیوں؟ یہ بتانے سے ہر فالودہ فروش قاصر نظر آتا ہے۔ لہٰذا ہم خود ہی وجہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔
سب سے پہلے ہم لفظ "فالودہ" اور "کشمش" میں باہمی تعلق نکالتے ہیں۔ فالودہ مرکّب ہے ف ا ل و د ہ کا۔ جبکہ کشمش بنتا ہے ک ش م ش سے۔ یہاں یہ بات صاف ہے کہ فالودہ اور کشمش کے تمام حروف ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ جبکہ فالودہ کے اجزائے ترکیبی کو دیکھتے ہوئے ہمیں حروف میں مماثلت ملتی ہے۔ جیسے پستہ کا ہ، دودھ کا د، باؤچی کا و اور اسٹراء کا الف وغیرہ۔ لیکن فالودہ میں کشمش کی موجودگی یا غیر موجودگی کا فیصلہ ہم محض الفاظ کی مماثلت کی بنیاد پر نہیں کر سکتے۔ چنانچہ ہم فالودے میں کشمش کی افادیت اور نقصانات کو زیرَ بحث لاتے ہیں۔
مشرق کے عظیم مفکّر و شاعر "خلیل جبران" کا قول ہے:
"فالودے میں کشمش سمِ قاتل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ہمیں فالودے یا اِس قبیل سے تعلق رکھنے والی کسی بھی چیز میں کشمش نہیں ڈالنے چاہئیں"۔ [کلیاتِ خلیل جبران۔ جلد دوم۔ ص187]
مندرجہ بالا قول سے یہ بات واضع ہو جاتی ہے کہ فالودے میں کشمش کا استعمال انسان کی صحت، فلاح و بہبود اور معاشی مستقبل کے لیے خطرناک ہے۔
اسی سلسلے سے منسلک ایک اور مقولہ ہے جو کہ عظیم برطانوی صحافی "ولیم ورڈز ورتھ" نے اپنے سفرنامے "From bank of Nile to dust of Kashghar" میں تحریر کیا:
"فالودہ مشرق کی ایک حیرت انگیز روایت ہے اور خشک میوہ جات کے استعمال سے اس کی افادیت کئی گنا بڑھ جاتی ہے"۔
مندرجہ بالا قول چوں کہ ایک انگریز کا ہے لہٰذا ایک پاکستانی ہونے کی حیثیت سے ہم اسے مستند اور حرفِ آخر تصور کریں گے۔ اس قول سے پتا چلتا ہے کہ خشک میوہ جات ضروری تو ہیں لیکن چوں کہ کشمش کا خصوصیت کے ساتھ تذکرہ نہیں کیا گیا اس لیے ہم کشمش کوغیر ضروری تصور کریں گے۔
اب ہم ایک نظر اپنے معاشرے میں موجود مثالوں پر ڈالتے ہیں۔ میں نے ایک پارک میں ایک نوجوان سے، جس کی صحت قابلِ رشک تھی یہ سوال کیا کہ "کیا آپ نے کبھی فالودے میں کشمش ڈال کر کھائے ہیں؟" جواب نفی میں ملا۔ اس کو محض اتفاق سمجھتے ہوئے میں نے یہی سوال مذید دو افراد سے کیا جو ظاہری اعتبار سے کافی تندرست و توانا تھے۔ اُن کے جواب بھی "نہیں" میں ملے۔
مذکورہ تجربے سے ہمارے اس نظریے کو تقویت ملتی ہے کہ فالودے میں کشمش کا عدم استعمال صحت و تندرستی کی ضمانت دیتا ہے۔ لیکن پھر ایک مثال ہمیں ایسی ملی کہ ہم نے اپنے نتیجے پر نظرِ ثانی کا ارادہ کیا۔ وہ تھی "لیاقت نیشنل ہسپتال" کے آئی سی یو میں پڑے، موت کی گھڑیاں گنتے کینسر کے ایک مریض کی۔ جب ہم نے اُس سے کشمش ملے فالودے کی بابت دریافت کیا تو اُس کا جواب نفی میں تھا۔ ہم نے بے یقینی کی کیفیت میں یہی سوال ایک اور مریض سے کیا جو فقط ہڈیوں کا پنجر نظر آ رہا تھا۔ اُس نے بھی "نہ" کہہ کر ہمارے جوش و ولولے پر مایوسیوں کا یک دبیز پریدہ ڈال دیا۔ چاروناچار ہمیں اپنی تحقیق کا اَزسرِنو جائزہ لینا پڑا۔
اسی طرح ہم نے ایک فالودے والے پر کافی اصرار کیا تو اُس نے یہ کہہ کر جاں خلاصی چاہی کہ: "صاحب! اتنے مصروف وقت میں کسے پڑی ہے کہ کشمش کی ڈنڈیاں الگ کرتا پھرے؟" بات خاصی معقول تھی۔ سو ہم نے مذید بحث نہیں کی۔
نوٹ! اس مضمون میں تمام حوالہ جات ہماری خوشیوں کی مانند فرضی ہیں۔