شکوہ۔
سلام و آدام!
کیسے مزاج شریف ہیں؟ خاکسار کے دلِ متحرک و دماغِ منتشر میں یہ خدشہ و اندیشہ مبتلاء و مقیّدِ تجسس ہے کہ کہیں دوستِ محترم و عزت مٔاب بندۂِ رنجیدہ و سنجیدہ سے خفا و ناراض تو نہیں کہ عرصہ و دراز سے یارِ قوی العقل نے بندۂِ حقیر و فقیر، پُر تقصیر کو کوئی نامۂِ مختصر نہیں بھیجا۔ یہ تغافلِ دلِ یار ہے یا سرمایٔہِ دنیوی کی تحقیر و تخفیف کی بدولت اس لاپروائی و لاتعلقی کا شوقِ پُر شکوہ بڑھتا جا رہا ہے؟ حضور ہدیۂ سلام و عید مبارک، مثلِ عرضِ یار برنگِ آفتاب قبول کیجئیے۔
جواب شکوہ۔
بہ صد تکریم و احترامِ لازم بعد از نذرانہ تشکّر بسلسلۂِ مزاج پرسی، بندۂِ کمتر، حقیر و پُر تقصیر، معزز و مکرمی جناب لائقِ تحسین و آفرین! رقمطرازِ حروفِ گزشتہ کی پُر اندیشہ تحریر میں پوشیدہ مجھ خاکسار کی بابت جو خطرات باعثِ عدم اطمینان و بے کُلی بن رہے ہیں۔ اُن کے جواب میں ہم کاوشِ مداوائے خیالِ بے دلیل و جواز یہ کہہ کر کیے دیتے ہیں کہ بندۂِ لاچار و بے اختیار گردشِ دوراں کے اُس دورِ جاں گسل سے گزر رہا ہے جسے اصطلاحاتِ عوامی میں "امتحانات" کہتے ہیں۔ لہٰذا فی الوقت، تا مدّت غیر معینہ، بارہا افرادِ منتظرِ لطف و نظر سے قربت و سنگت کا سلسلہ متروک و موقوف ہے۔ اُمیدِ پیہم ہے کہ اس بارِ گراں سے فوراً سے پیشتر ہماری گلو خلاصی ہو جائے گی۔ طالبِ دعائے کامیابی و کامرانی۔ اویس احمد۔