كُلُّ مُسْكِرٍ خَمْرٌ، وَكُلُّ مُسْكِرٍ حَرَامٌ۔ (رواہ مسلم عن ابن عمرؓ)
ترجمہ: ہر نشہ آور چیز شراب (میں داخل) ہے اور تمام نشہ آور چیزیں حرام ہیں۔
آپ کبھی طبیعت کا بوجھل پن دور کرنے کے لیے چہل قدمی کو نکلیں تو اکثر ویرانوں پر آپ کو ایک لرزتا وجود دکھائی دے گا۔ یہ کون ہے جس کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں؟ آنکھیں خونِ کبوتر کی مانند سرخ ہیں۔ لباس کے نام پر چند چیتھڑے لپیٹے، دنیا و مافیہا سے بے خبر یہ شخص آخر کون ہے؟ اس سوال کا فی الفور جواب آپ کے دماغ میں یہ آتا ہے کہ یہ شخص بھی وطنِ عزیز کے اُن کروڑوں لوگوں میں سے ایک ہے جو منشیات کی لعنت کا شکار ہیں۔ یہ سوچ کر آپ سر جھٹک کر آگے بڑھ جاتے ہیں۔ یہ حقیقت جانے بغیر کہ آپ کی اِس عدم توجہی کے باعث اِس 'لعنت' کا شکار ہونے والوں میں سالانہ بیس فیصد اضافہ ہو رہا ہے۔
"نشہ" اُن عناصر میں سرِ فہرست ہے جو مملکت کے ستونوں کو کھوکھلا کر دیتے ہیں۔ اور افسوسناک المیہ یہ ہے کہ ہمارا ملک پاکستان بھی اِس "عفریت" کے بھیانک شکنجے میں جکڑا ہوا ہے۔ جبکہ ستم بالائے ستم۔۔ ہم اس صورتحال کا سدِّ باب کرنے کے بجائے ہاتھ پر ہاتھ دھرے کسی مسیحا کے انتظار میں ہیں۔ شاید ہم اپنے ربّ کا یہ پیغام بزبانِ علّامہ اقبالؓ بھول گئے ہیں کہ:
خدا نے آج تک اس قوم کی حالت نہیں بدلی۔
نہ ہو جس کو خیال، خود اپنی حالت کے بدلنے کا۔
تاریخ شاہد ہے کہ آج سے چند صد قبل تک مسلمانوں کے دورِ حکومت میں جس فتنے نے بھی سر آٹھایا، اُسے اُمّت کے بے پایہ اتحاد و اتفاق کے سامنے سرنگوں ہونا پڑا۔ لیکن اب شاید یہ نظریات فرسودہ ہو گئے ہیں۔ ہمارے ملک میں پیدا ہونے والا ہر بچہ لاکھوں کا مقروض ہے اور ہم "ہاتھ پر ہاتھ دھرے منتظرِ فردا" ہیں۔
آج پاکستان کا ہر تیسرا گھر نشے کی لپیٹ میں ہے۔ گلی کوچے نشئیوں سے بھر گئے ہیں جو ہمارے ملک کے حکمرانوں کی غفلت اور لاپروائی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ لیکن اِس میں ہمارا قصور بھی کچھ کم نہیں۔ یوں تو معمولی لوڈ شیڈنگ یا پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر ریلیاں نکالی جاتی ہیں۔ ہڑتالیں تک ہو جاتی ہیں لیکن کبھی منشیات کے خلاف کسی نے قدم نہ بڑھایا۔ ہمارے پڑوسی "چین" پر ایک وقت ایسا بھی آیا کہ وہاں کھلے عام نشہ کیا جاتا تھا۔ لیکن جب وہاں کی عوام اور حکومت نشے کے خلاف برسرِ پیکار ہوئے تو اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا اور دنیا کی عظیم طاقتوں میں شمار ہونے لگے۔ لیکن ہم تو کسی اور ہی جہاں کے باسی ہیں۔ سست روی ہماری گھٹّی میں پڑی ہے۔ ہم ہر کام تب شروع کرتے ہیں جب وقت ہاتھوں سے نکل چکا ہوتا ہے۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ منشیات کی تعریف کیا ہے اور یہ ہمارے لیے مضر کیوں ہے؟
منشیات سے مراد وہ اشیاء یا ادویہ ہیں جن کا استعمال (خواہ کسی بھی طریقے سے ہو) انسان میں بے خودی کی کیفیت پیدا کر دے اور وہ نیم دیوانگی کی صورت اختیار کر لے۔ نشہ آور ادویہ میں شراب، ہیروئن، چرس، افیون، بھنگ، کوکین اور تمباکو وغیرہ سرِ فہرست ہیں۔
وجوہات و اسباب:
نشے کے فروغ کے بنیادی اسباب دراصل ہمارے ہی پیدا کیے ہوئے ہیں۔ ہم نے رہزنوں کو تلواریں تھما دیں۔ ایسے لوگوں کو اونچے عہدوں پر بٹھا دیا جنہوں نے ملک کی دم توڑتی معیشت اور ساکھ پر مذید ضرب کاری کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ ہمارے حکمران سدا قومی خزانے کے بل بوتے پر عیش کرتے رہے۔ اُنہوں نے ملک کے مسائل حل کرنا تو کجا، کبھی اُن کی طرف دیکھنا تک گوارا نہ کیا۔ بالآخر ملک بے روزگاری کے مہیب شکنجے میں آ پھنسا۔ کئی لوگوں نے بے روزگاری سے تنگ آ کر خود کشی کے ذریعے اِس پُرخارزندگی سے نجات حاصل کر لی۔ کچھ نے بزورِ ہتھیار لوٹ مار کو اپنا ذریعۂ معاش بنا لیا۔ کچھ نے چھوٹے پیمانے پر محنت کشی یا کاروبار شروع کر لیا۔ لیکن بے روزگاروں کی ایک بڑی تعداد نے محنت مزدوری کو لعنت سمجھتے ہوئے نشے کا سہارا لے لیا اور دینا سے الگ تھلگ ویرانوں میں ڈیرے ڈال لیے۔ ان میں لاکھوں افراد ایسے بھی تھے جن کی صلاحیتوں کو اگر بروئے کار لایا جاتا تو کسی طور ڈاکٹر عبد القدیر خان سے کم نہ نکلگے۔
نشے کے فروغ کا ایک بڑا سبب دشمن ممالک کے ایجنٹ بھی ہیں جنہوں نے سادہ لوح طبقے کو اپنے جال میں پھانس لیا اور اس طرح وہ نشے کے فروغ کا ذریعہ بن گئے۔ نشے کے شیدائیوں میں چند فیصد ایسے بھی ہیں جنہوں نے اسے شوقیہ استعمال کیا اور پھر یہ لت چھڑائے نہ چھٹ سکی۔
نقصانات:
قرآنِ کریم میں سورۃ المائدہ کی آیت ۹۰ تا ۹۱ میں شراب (ہر نشہ آور چیز) کے حرام ہونے کا قطعی اور آخری حکم ہے۔ تو اس کے مضر ہونے میں کیا شبہ رہ جاتا ہے؟
نشہ آور ادویات پر جب تحقیقات کی گئیں تو محققین پر وہ بھیانک انکشافات ہوئے کہ وہ کلام اللہ کی حکمت پر دنگ رہ گئے۔ شراب ہی کو لیجئے۔ غذائی اصطلاح میں شراب یا الکحل ایک کیمیائی ذیلی خوراک (byproduct) ہے۔ یہ مادّہ انسانی جسم کے لیے زہر کا درجہ رکھتا ہے اور جوں ہی یہ حلق سے نیچے اترتا ہے، انسانی جگر اس کا زہر کاٹنے میں مصروف ہو جاتا ہے۔ اس سے یہ بات تو ثابت ہے کہ شراب کی کوئی غذائی اہمیت نہیں۔ مذید نقصانات جاننے سے قبل ملاحضہ کیجئیے:
"ہندوستان کے ضلع ریٹول میں ایک شراب خانے میں شرط لگائی گئی کہ کون دس بوتلیں قلیل تر وقت میں ختم کرتا ہے۔ ایک شخص نے بازی جیت لی لیکن اُس کا سر چکرایا اور وہ وہیں ڈھیر ہو کر مر گیا۔" (اے۔پی۔پی۔ از دہلی ۱۹۶۰)
فرانس میں ہر پچیس منٹ بعد ایک موت شراب کی وجہ سے ہوتی ہے۔ شراب، جسے اُمّ المسکرات (نشہ آور چیزوں کی ماں) بھی کہا گیا، انسان کے جسم میں پہنچ کر کیا گُل کھلاتی ہے۔۔ ملاحضہ ہو۔
جسمانی نقصانات:
۱۔ انسانی جگر کے لیے شراب کا معمولی سے معمولی سالمیہ بھی زہر ہے اور وہ اس کے بد اثرات کی کاٹ میں قبل از وقت ہی اپنی توانائی کھو بیٹھتا ہے۔
۲۔ دل کے امراض کا ایک بہت بڑا سبب نشہ ہے۔
۳۔ شراب انسان کو قبل از وقت بوڑھا کر دیتی ہے۔ خاص کر ہیروئن تو دیکھتے ہی دیکھتے اچھے بھلے آدمی کو ہڈیوں کے پنجر میں تبدیل کر دیتی ہے۔
۴۔ شراب کے خلاف انسانی جسم پوری تن دہی سے جدوجہد کرتا ہے۔ نتیجتاً انسان کی قوت مدافعت کمزور پڑتے پڑتے ختم ہو جاتی ہے۔ پھر جب کوئی بیماری حملہ آور ہوتی ہے تو قوتِ مدافعت نہ ہونے کے سبب جسم از خود اس سے چھٹکارا نہیں پا سکتا۔
۵۔ جب انسان کے قوت مدافعت معدوم ہوجاتی ہے تو دوائیں بھی بے اثر رہتی ہیں کیونکہ اکثر ادویات کا مقصد بھی قوتِ مدافعت کے ذریعے بیماری کا خاتمہ کرنا ہوتا ہے۔
۶۔ شراب کا استعمال دماغی صلاحیتوں کو یوں کھا جاتا ہے جیسے لوہے کو زنگ۔ چنانچہ انسان معاشرے پر فقط ایک بوجھ بن کر رہ جاتا ہے۔
اخلاقی نقصانات:
۱۔ اُمّ الخبائث (شراب) کا استعمال غیرت کا قلع قمع کر دیتا ہے۔ یورپی اور امریکی ممالک کا حال سامنے ہے۔
۲۔ جب انسان میں غیرت نہیں رہتی تو وہ بلا خوف و خطر چوری، ڈکیتی، حتیٰ کہ قتل جیسے گناہ اور جرائم سے بھی نہیں چوکتنا۔
۳۔ نشہ کی حالت میں انسان اپنے آپے میں نہیں رہتا اور انسانیت کا لبادہ اُتار کر بسا اوقات ایسی شرمناک حرکتیں کر بیٹھتا ہے جن کا تصوّر بھی ناگزیر ہے۔
۴۔ شرابی کی حرکات و سکنات کے علاوہ زبان بھی غلاظت میں لتھڑی رہتی ہے اور وہ بے تحاشا مغلطات بکتا نظر آتا ہے۔
یہ فقط چند نقصانات تھے۔ منشیات کے اخلاقی، سماجی، معاشی اور معاشرتی نقصانات کی ایک طویل فہرست ہے۔
حرفِ آخر:
ہر مسئلہ کی طرح منشیات کا مسئلہ بھی ہماری مذمّت اور نعرے بازی کی نذر ہے۔ محض نعرے بازی سے کیا ہوتا ہے؟ جب تک ہم نشے کے خلاف کوئی عملی قدم نہیں اُٹھائیں گے یہ عفریت ہمارا پیچھا نہیں چھوڑے گا۔ منشیات ہمارے لیے ایک ایسا ناسور پھوڑا ہے جسے جب تک کاٹ کر پھینک نہ دیا جائے، یہ ہمارے وطن کو تباہی و بربادی کے دہانے کی طرف دھکیلتا رہے گا۔
میری اس تحریر سے اگر کسی ایک فرد کے دل میں بھی منشیات کے خلاف نفرت بیدار ہو جاتی ہے تو یہ ایک عظیم کامیابی ہوگی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ان مسائل کے خلاف وہ جذبۂ جہاد عطا فرمائے جس کے بل پر ہمارے اسلاف نے آدھی دنیا پر حکمرانی کی۔ اور بالخصوص ہمارے ملک کے طالبعلم کو جذبۂ لگن عطا فرمائے جو آگے چل کر ملک و قوم کے لیے ترقی کی راہیں مستوار کرے۔ آمین۔