Poetry ·

شہر لاہور تیری الگ شان ہے

پاک دھرتی کا دل ہے تو۔ اور جان ہے۔
فخر پنجاب ہے۔ اس کی پہچان ہے۔
آنکھ خیرہ ہے۔ مسرور و حیران ہے۔ شہر لاہور تیری الگ شان ہے۔

تیرے مہماں ہوئے صوفیاء کے امام۔
نامور تو ادیبوں کی جائے قیام۔
تیرے معمار اکبر تا سر گنگا رام۔
ہند مضمون۔ تو اس کا عنوان ہے۔ شہر لاہور تیری الگ شان ہے۔

ہے عجب بادشاہی یہ مسجد تیری۔
ہے یہ شیشہ محل یا کہ جادوگری۔
سرخ قلعہ ہے کس جن کی کاریگری؟
اس جہاں کا نہیں۔ تو پرستان ہے۔ شہر لاہور تیری الگ شان ہے۔

دیکھنے والے! گلبرگ کے پھول دیکھ۔
شاہراہوں کا تو عرض اور طول دیکھ۔
نہ کہیں گندگی۔ نہ کہیں دھول۔ دیکھ!
تیرا ناقد بھی تیرا قدردان ہے۔ شہر لاہور تیری الگ شان ہے۔

موچی گیٹ اور خلیفہ کی تازہ خطائی۔
وہ ہریسہ۔ وہ تکہ۔ وہ قلفی ملائی۔
لکشمی چوک سی ہم نے لذت نہ پائی۔
اپنی مثل آپ ہی تیرا ہر خوان ہے۔ شہر لاہور تیری الگ شان ہے۔

اور زرخیز ہوں تیرے آب اور گِل۔
تجھ پہ یونہی مہرباں رہے لم یزل۔
لینے آؤں گا پھر۔ چھوڑے جاتا ہوں دل۔
اس امانت کا تو اب نگہبان ہے۔ شہر لاہور تیری الگ شان ہے۔