Poetry ·

کل جو بیٹھے طالبوں کا Code Review کرنے ہم۔

کل جو بیٹھے طالبوں کا Code Review کرنے ہم۔
قہر بن کر ہم پہ آ ٹوٹی بلائے شامِ غم۔

کھول کر دیکھا جو IDE پہ اس عفریت کو۔
یعنی بے ہنگم سی Lines of code کے سنگیت کو۔

بھک سے سارا اُڑ گیا Experience مثلِ غبار۔
سر سے Mentorship کا زائل ہوگیا جملہ خمار۔

Spaghetti Code ہے۔ بریانی ہے۔ یا Soup ہے؟
ہم جو دیکھیں کھچڑی ہے۔ اور وہ کہے یہ OOP ہے۔

ہر جگہ پر ٹھونسنا Sign-up کا Feature کفر ہے۔
شرع پروگرامنگ میں ایسا Architecture کفر ہے۔

معذرت! کیا کہہ گیا میں۔ کیجیے صرفِ نظر۔
آپ بھی بولیں گے "صاحب Architecture ہے کدھر؟"

View اور Model میں کوئی ربط تک دکھتا نہیں۔
ایسے Java Bean مسٹر بین بھی لکھتا نہیں۔

گاہے گاہے گر Design change ہی مقصود تھا۔
نام Project کا عزیزم کیوں نہ پھر گرگٹ رکھا؟

Task میں لکھا کہیں بھی فائلیں بھرنا نہ تھا۔
کیوں لکھے بے کار Method کال جب کرنا نہ تھا؟

جو Recurrence لگ رہا تھا۔ دراصل بہروپ تھا۔
Nested در Nested در Nested اک Loop تھا۔

Role جس کا Guest تھا Access دیا سارا اُسے۔
تھا جسے Encrypt کرنا، Hash کر مارا اُسے۔

جانے کیسے سانس لے گا Live Server زیر بار۔
ایک Package، دو Classes اور سطریں دس ہزار!

“Code comment” اور “Commented code” میں کچھ فرق ہے۔
جب تفاوت اِن میں نہ ہو پھر تو بیڑا غرق ہے۔

Data model جس Group کا عبرتوں سے لیس ہے۔
اُن کا واحد آسرا Google کا Firebase ہے۔

گر بنے بنوائے Snippet نہ GitHub پر مِلے۔
پیش GPT کے، زانوئے تلمذ تہہ کیے۔

یہ پتا چلتا ہمیں Function کے پھیلاؤ سے ہے۔
As is چھاپا ضرور Stack Overflow سے ہے۔

صد مشقت سے نتیجہ لایا جب Compiler۔
لال پیلی Warnings کا ڈھیر تھا پیشِ نظر۔

چل رہی ہے Back-ground میں کہیں ماں کی دعا۔
کھانستا، لنگڑاتا، روتا Code آخر Run ہوا۔

ایک Exception بھی یارو ہو نہ پائے گی فرار
چوکیاں ہیں Try-catch اور Finally کی خار دار۔

Catch جب ہوجاتی Exception ہے تو Throw کیوں کریں؟
تو بتا ہمدم کہ اس منطق پہ روئیں یا ہنسیں؟

بالیقیں کہتا ہوں پڑھ لیتی جو Debug Trace کو۔
قلب کا پڑ جاتا دورہ Ada of Lovelace کو۔

یا الہی میری توبہ اب کبھی ڈالوں نظر۔
اس قسم کی مشق سے آئیندہ سو بار الحذر۔