Poetry ·

غزل

نہیں سرمستیِٔ بلبل تیرے اطوار کے لائق۔
نہ ہی رنگینیِٔ شبنم تیرے دیدار کے لائق۔

ملے جو اِک نگاہِ ناز کا جامِ سمِ قاتل.
یہی تریاق کافی ہے تیرے بیمار کے لائق۔

نقابِ حسن سے باہر نہ دیکھا تار تک کوئی.
کہیں نہ مثل پائی یار کے کردار کے لائق۔

وہ جلوہ برسرِبزم اپنی آنکھوں ہی میں دکھلا دیں.
مگر ہے بھی کوئی یاں دیدہ ور دیدار کے لائق؟

یہ فطرت کی سخاوت ہے یا سادگی تیری اے گُل!
کہ مہکاتا ہے اُن کو جو ہیں زخمِ خار کے لائق؟!

ٹھہر جا۔ وہ بہت حساس ہے۔ آنکھیں نہ چھلکا دے۔
تیرا نالہ نہیں عاجزؔ مزاجِ یار کے لائق۔